سفلس (آتشک) کیا ہے؟

سفلس جنسی تعلق سے لگنے والا انفیکشن (STI) ہے جو Treponema pallidumنامی بیکٹیریا کے سبب ہوتا ہے۔

سفلس مردوں اور عورتوں دونوں کو لگ سکتا ہے۔


سفلس کیسے لگتا ہے؟


آپکو سفلس اس طرح لگ سکتا ہے:

  • کسی کے سفلس کے زخم یا سرخ ابھاروں کو چھونے پر، چاہے یہ زخم یا سرخ ابھار آسانی سے دیکھے نہ جا سکتے ہو
  • کنڈوم کے بغیر فرج یا مقعد یا منہ کے راستے سیکس کرنے پر
  • انفیکشن والے خون سے واسطے پر
  • حاملہ عورت کے بچے کو ماں سے سفلس لگ سکتا ہے

سفلس اور نوزائیدہ بچے (پیدائشی سفلس)


ایک حاملہ عورت کے خون سے اسکے بچے تک سفلس پہنچ سکتا ہے۔ بعض اوقات بچہ مردہ یا نقائص کے ساتھ پیدا ہوتا ہے۔ اسے پیدائشی سفلس کہتے ہیں اور یہ آسٹریلیا میں بہت کم ہوتا ہے۔

بچے اکثر سفلس کی علامات کے بغیر پیدا ہوتے ہیں لیکن وہ شدید بیمار ہو سکتے ہیں۔

مجھے کیسے پتہ چل سکتا ہے کہ مجھے سفلس ہے؟


سفلس کی اکثر کوئی علامات نہیں ہوتیں اس لیے سفلس میں مبتلا لوگ خود کو صحتمند اور ٹھیک ٹھاک محسوس کر سکتے ہیں۔ صرف خون کے ٹیسٹ سے پتہ چل سکتا ہے کہ آيا آپکو سفلس ہے۔

عورتوں کو حمل کے پہلے 12 ہفتوں میں یا ڈاکٹر سے پہلی ملاقات پر سفلس کا ٹیسٹ کروانا چاہیئے۔ کچھ عورتوں کو حمل میں آگے چل کر سفلس کا دوبارہ ٹیسٹ کروانا پڑ سکتا ہے۔

اگر مجھے سفلس ہو تو مجھے کیا کرنا چاہیئے؟


  • اپنا سفلس کا علاج مکمل ہو جانے تک سیکس چھوڑ دیں، کنڈوم کے ساتھ بھی سیکس نہ کریں۔
  • اگر آپکو  سفلس ہے تو اپنے ساتھ سیکس کرنے والوں کو  بتائیں تاکہ وہ ٹیسٹ کروا سکیں۔

آپکا ڈاکٹر آپکو یہ طے کرنے میں مدد دے سکتا ہے کہ آپکو اپنے سفلس کے بارے میں کس کو بتانا چاہیئے اور بتانے میں آپکی مدد کر سکتا ہے۔

کیا سفلس کا علاج یا اس سے شفاممکن ہے؟


  • ہاں، ٹیکوں کا کورس پورا کر کے سفلس کاعلاج اور  شفا ممکن ہے۔  علاج کی مدت اس پر منحصر ہے کہ سفلس کس درجے کا ہے۔ ڈاکٹر کے ساتھ ہر  اپائنٹمنٹ کیلئے ضرور جائیں۔
  • سفلس کا علاج مکمل کرنے کے بعد ایک ٹیسٹ اور کروا کے یقینی بنائيں کہ آپکو شفا ہو چکی ہے۔
  • عورتیں حمل کے شروع میں سفلس کا علاج کروا کے بچے کو سفلس لگنے سے بچا سکتی ہیں۔
  • آپکو  ماضی میں سفلس سے شفا پا لینے کے  باوجود یہ دوبارہ بھی لگ سکتا ہے۔

میں خود کو سفلس لگنے سے کیسے محفوظ رکھ سکتا ہوں؟


  • اپنا اور اپنے ساتھ سیکس کرنے والے کا سفلس ٹیسٹ کروائیں۔ اگر آپ ایک سے زیادہ لوگوں کے ساتھ سیکس کرتے ہیں، یا اگر آپکا پارٹنر دوسرے لوگوں کے ساتھ سیکس کرتا ہے تو باقاعدگی سے سفلس ٹیسٹ کرواتے رہیں۔ آپ جتنے زیادہ لوگوں کے ساتھ سیکس کرتے ہوں، سفلس لگنے کا خطرہ اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے۔
  • اپنا اور اپنے سیکس پارٹنرز کا علاج کروائیں تاکہ سفلس ایک دوسرے سے آپکو ، یا دوسرے لوگوں کو بار بار نہ لگتا رہے۔
  • فرج، مقعد اور منہ کے راستے سیکس کیلئے کنڈوم استعمال کریں۔ اگر آپ دوسرے لوگوں کے ساتھ بھی سیکس کرتے ہیں تو اپنے دیرینہ پارٹنر کے ساتھ بھی کنڈوم استعمال کریں۔
  • نئے سیکس پارٹنرز سے کنڈوم کے استعمال پر بات کریں، اس سے پہلے کہ آپ سیکس کریں۔
  • سفلس میں مبتلا شخص کے ساتھ سیکس نہ کریں، کنڈوم کے ساتھ بھی نہیں، حتی کہ اسکا علاج مکمل ہو جاۓ۔

میں یہ کیسے یقینی بناؤں کہ مجھ سے کسی اور کو سفلس نہ لگے؟


  • کسی کے ساتھ سیکس نہ کریں، کنڈوم کے ساتھ بھی نہیں، حتی کہ آپکا علاج مکمل ہو جاۓ۔
  • باقاعدگی سے سفلس کا ٹیسٹ کرواتے رہیں اگر آپ ایک سے زیادہ لوگوں کے ساتھ سیکس کرتے ہیں، یا اگر آپکا پارٹنر دوسرے لوگوں کے ساتھ سیکس کرتا ہے تو ٹیسٹ کرواتے رہیں۔ آپکو سفلس دوبارہ لگ سکتا ہے۔

مجھے مدد اور مشورہ کہاں سے مل سکتا ہے؟


آپکو یہاں سے مدد مل سکتی ہے:

  • ڈاکٹر
  • جنسی صحت کا کلینک
  • کمیونٹی ہیلتھ سروس
  • فیملی پلاننگ سنٹر

مزید معلومات