گونوریا (سوزاک) کیا ہے؟

گونوریا جنسی تعلق سے لگنے والا انفیکشن (STI) ہے جو Neisseria gonorrhoeae نامی بیکٹیریا کے سبب ہوتا ہے۔


گونوریا کیسے لگتا ہے؟


آپکو گونوریا میں مبتلا کسی شخص کے ساتھ فرج یا مقعد یا منہ کے راستے جنسی فعل کرنے پر گونوریا لگ سکتا ہے۔

آپکو کسی شخص سے تب بھی گونوریا لگ سکتا ہے جب اسے کوئی علامات پیش نہ ہوں۔

بچے کو جنم دینے کے دوران ماں سے بچے کو گونوریا لگ سکتا ہے۔ تب بچے کو آنکھ کا شدید انفیکشن ہو سکتا ہے اور بچہ اندھا ہو سکتا ہے۔

آپکو پبلک ٹائلٹ، پبلک پول یا دوسرے لوگوں کے ساتھ عام واسطے پر گونوریا نہیں لگ سکتا۔

گونوریا جسم کے ساتھ کیا کرتا ہے؟


گونوریا گلے، مقعد، پیشاب کی نالی، سرویکس (بچے دانی کی گردن) اور آنکھوں میں انفیکشن کر سکتا ہے۔

اگر گونوریا کا علاج نہ کیا جاۓ تو یہ جلد اور جوڑوں میں انفیکشن کر سکتا ہے۔ گونوریا کی وجہ سے میننجائٹس یعنی گردن توڑ بخار بھی ہو سکتا ہے۔ میننجائٹس دماغ کی جھلیّ میں انفیکشن کو کہتے ہیں۔

عورتوں کو گونوریا سے ایک شدید انفیکشن ہو سکتا ہے اور وہ ماں بننے کی صلاحیت سے محروم ہو سکتی ہیں۔

مجھے کیسے پتہ چل سکتا ہے کہ مجھے گونوریا ہے؟


کئی لوگوں کو اپنے گونوریا میں مبتلا ہونے کا پتہ نہیں ہوتا کیونکہ انہیں کوئی آثار یا علامات پیش نہیں ہوتیں۔

گونوریا کا پتہ چلانے کا صرف ایک طریقہ ہے کہ آپ ٹیسٹ کروائیں۔ یہ جلد اور آسانی سے ہو جانے والا پیشاب کا ٹیسٹ ہے۔

ایک اور طریقہ یہ ہے کہ انفیکشن زدہ مقام سے ایک نمونہ لیا جاۓ اور اسے گونوریا کیلئے ٹیسٹ کیا جاۓ۔

گونوریا کے آثار و علامات

مردوں کیلئے

• پیشاب کرتے ہوۓ چبھن اور جلن
• عضوتناسل سے مادّے کا اخراج۔ یہ مادّہ اکثر سفید یا پیلا ہوتا ہے
• خصیوں میں سوجن اور درد
• عضو تناسل کے سوراخ کے گرد سرخی
• مقعد سے مادّے کا اخراج یا تکلیف
• آنکھوں کے انفیکشن

عورتوں کیلئے

• فرج سے غیرمعمولی مادّے کا اخراج
• فرج سے خون کا اخراج
• پیشاب کرتے ہوۓ درد
• پیڑو میں درد، خاص طور پر سیکس کے دوران
• مقعد سے مادّے کا اخراج یا تکلیف
• آنکھوں کے انفیکشن

اگر مجھے گونوریا ہو تو مجھے کیا کرنا چاہیئے؟


  • آپکا ڈاکٹر  آپکو دوائی دے گا۔
  • اپنے ساتھ سیکس کرنے والوں کو  ٹیسٹ کروانے کیلئے کہیں۔ اگر انہیں گونوریا ہو تو ان سے دوبارہ آپکو یا دوسرے لوگوں کو  گونوریا لگ سکتا ہے۔
  • آپکا ڈاکٹر آپکو یہ طے کرنے میں مدد دے سکتا ہے کہ آپکو اپنے گونوریا کے بارے میں کس کو بتانا چاہیئے اور بتانے میں آپکی مدد کر سکتا ہے۔
  • گونوریا کا علاج مکمل ہو جانے تک کسی کے ساتھ سیکس نہ کریں، کنڈوم کے ساتھ بھی نہیں۔

کیا گونوریا کا علاج یا اس سے شفاممکن ہے؟


اینٹی بائیوٹکس کے صرف ایک ٹیکے سے گونوریا کاعلاج اور  شفا ممکن ہے۔

اگر  آپ بیرون ملک ہو کر آئیں تو  ہمیشہ اپنے ڈاکٹر کو بتائیں۔ اسکی وجہ یہ ہے کہ گونوریا کی کچھ قسمیں آسٹریلیا میں عام نہیں ہیں اور ان کیلئے خاص دوائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

آپکو ماضی میں گونوریا سے شفا پا لینے کے باوجود یہ دوبارہ بھی لگ سکتا ہے۔

میں خود کو گونوریا لگنے سے کیسے محفوظ رکھ سکتا ہوں؟


  • اپنا اور اپنے ساتھ سیکس کرنے والوں کا گونوریا ٹیسٹ کروائیں۔ اگر آپ ایک سے زیادہ لوگوں کے ساتھ سیکس کرتے ہیں، یا اگر آپکا سیکس پارٹنر دوسرے لوگوں کے ساتھ سیکس کرتا ہے تو باقاعدگی سے اپنا ٹیسٹ کرواتے رہیں۔ آپ جتنے زیادہ لوگوں کے ساتھ سیکس کرتے ہوں، گونوریا لگنے کا خطرہ اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے۔
  • گونوریا کیلئے اپنا اور اپنے سیکس پارٹنرز کا علاج کروائیں تاکہ  ایک دوسرے سے آپکو ، یا دوسرے لوگوں کو بار بار گونوریا نہ لگتا رہے۔
  • فرج، مقعد اور منہ کے راستے سیکس کیلئے کنڈوم استعمال کریں۔ اگر آپ دوسرے لوگوں کے ساتھ سیکس کرتے ہیں تو اپنے دیرینہ پارٹنر کے ساتھ بھی کنڈوم استعمال کریں۔
  • نئے سیکس پارٹنرز سے کنڈوم کے استعمال پر بات کریں، اس سے پہلے کہ آپ سیکس کریں۔

میں یہ کیسے یقینی بناؤں کہ مجھ سے کسی اور کو گونوریا نہ لگے؟


  • کسی کے ساتھ سیکس نہ کریں، کنڈوم کے ساتھ بھی نہیں، حتی کہ آپکا علاج مکمل ہو جاۓ اور کوئی علامات باقی نہ رہیں۔
  • ہر دفعہ سیکس کیلئے کنڈوم استعمال کریں، خاص طور پر اس صورت میں کہ آپ کسی نئے پارٹنر کے ساتھ ہوں۔
  • باقاعدگی سے گونوریا کا ٹیسٹ کرواتے رہیں اگر آپ ایک سے زیادہ لوگوں کے ساتھ سیکس کرتے ہیں، یا اگر آپکا پارٹنر دوسرے لوگوں کے ساتھ سیکس کرتا ہے تو ٹیسٹ کرواتے رہیں۔

مجھے مدد اور مشورہ کہاں سے مل سکتا ہے؟


آپکو یہاں سے مدد مل سکتی ہے:

  • ڈاکٹر
  • جنسی صحت کا کلینک
  • کمیونٹی ہیلتھ سروس
  • فیملی پلاننگ سنٹر

مزید معلومات