ہیپاٹائیٹس سی کیا ہے؟


ہیپاٹائیٹس سی ایک وائرس ہے جو آپ کے جگر کو  بیمار کردیتا ہے۔ الکحل کا زیادہ استعمال، منشیات کا استعمال، کچھ کیمیکلز اور کچھ دوسرے وائرس بھی جگر کو بیمار کر سکتے ہیں۔

آپ کا جگر آپ کی صحت کے لیے بہت اہم ہے۔ جب جگر  میں تکلیف ہو  یا اسے نقصان پہنچے تو یہ ٹھیک طریقے سے کام نہیں کرتا اور آپ کو بیمار کردیتا ہے۔

ہیپاٹائیٹس سی کو بعض اوقات ”ہیپ سی“ بھی کہتے ہیں۔

آپ کو ہیپاٹائیٹس سی کیسے لاحق ہوتا ہے؟


آپ کو ہیپاٹائیٹس سی تب لاحق ہو سکتا ہے جب کسی ایسے شخص کا خون جس میں ہیپاٹائیٹس سی وائرس ہو آپ کے دوران خون میں چلا جائے۔ چاہے خون کے قطرے اتنے چھوٹے  ہوں کہ دکھائی نہ دیں، تب بھی آپ کو ہیپاٹائیٹس سی لگ سکتا ہے۔

زیادہ خطرے والی سرگرمیاں

  • مشترکہ سوئیوں، سرنجوں اور چائے کے چمچوں کے ذریعے منشیات لینا وہ سب سے عام طریقہ ہےجس سے لوگوں کو ہیپاٹائیٹس سی لگتا ہے
  •  جراثیم زدہ اوزاروں سے ٹیٹو بنانا، جسم کو چھیدنا یا روایتی تقریب میں ایسے عمل
  • ایسے عمل جن میں  جلد کو جراثیم زدہ میڈیکل، ڈینٹل یا ایکوپنکچر سوئیوں سے چھیدا جاتا ہے

 کم  خطرے والی سرگرمیاں

  • جس ماں کو  ہیپاٹائیٹس سی ہو، اس کے بچے کو حمل یا پیدائش کے دوران ماں سے یہ لگ سکتا ہے
  •  ٹوتھ برش اور ریزر  کے مشترکہ استعمال سے
  •  صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنان کو حادثاتی طور پر سوئی کی نوک چبھنے باعث

آپ کو ان ذریعوں سے ہیپاٹائیٹس سی نہیں ہو سکتا :

  • ٹوائلٹس یا شاورز کے مشترکہ استعمال سے
  • کسی ایسے شخص کے پسینے سے یا اس کے کپڑے دھونے سے جسے ہیپاٹائیٹس سی ہو
  • چھری کانٹوں ، پلیٹوں یا کپ اور گلاسوں کے مشترکہ استعمال سے
  • کسی ایسے شخص کے ہاتھ سے بنی خوراک کھانے سے جسے ہیپاٹائیٹس سی ہو
  • چھینکیں مارنے ، کھانسنے ، چومنے یا گلے ملنے سے
  • تیراکی کے تالابوں سے
  • جانوروں یا حشرات (مثلاً مچھروں) کے کاٹنے سے

ویکسینیشن (حفاظتی ٹیکے)، خون کا انتقال اور میڈیکل اور ڈینٹل عمل  آسٹریلیا میں محفوظ ہیں جب تمام قواعد و ضوابط پر عمل کیا جائے۔

مجھے کیسے معلوم ہوگا کہ مجھے ہیپاٹائیٹس سی ہے؟


زیادہ تر لوگ نہ بیمار دکھائی دیتے ہیں نہ لگتے ہیں۔ سب سے عام علامت متلی ہے۔ یہ معلوم کرنے کا واحد یقینی طریقہ خون کا ٹیسٹ ہے۔

مجھے کب ٹیسٹ کروانا چاہیے؟


اپنے ڈاکٹر سے ٹیسٹ کا کہیں اگر:

  • آپ نے کبھی منشیات کا ٹیکہ لیا ہے ، چاہے یہ بہت پہلے کیو ں نہ لیا ہو۔ (منشیات یا ڈرگز میں جم کے لیے سٹیرائیڈ بھی شامل ہیں )
  • آپ کسی بھی ملک کی جیل میں کبھی رہے ہیں
  • آپ نے آسٹریلیا میں 1990 سے پہلے کسی عضو کا عطیہ لیا تھا یا خون لیا تھا یا کسی ایسے ملک میں اس وقت لیا تھا جب  ہیپاٹائیٹس سی کی ٹیسٹنگ شروع نہیں ہوئی تھی
  • آپ نے  ٹیٹو بنوایا ہے یا جلد پر چھید کروایا ہے
  • آپ کسی ایسی جگہ سے آئے ہیں جہاں ہیپاٹائیٹس سی  زیادہ عام ہے مثلاً  افریقہ، مڈل ایسٹ (خاص طور پر مصر)، بحیرہ روم سے ملحقہ ممالک سے، مشرقی یورپ اور جنوبی ایشیا سے۔
  • آپ کی ماں کو ہیپاٹائیٹس سی ہے
  • آپ ایک مرد ہیں جسے ایچ آئی وی ہے اور  آپ کسی دوسرے مرد کے ساتھ جنسی فعل کرتے ہیں
  • آپکے جنسی پارٹنر کو ہیپاٹائیٹس سی ہے

ہیپاٹائیٹس سی وائرس میرے جسم کے ساتھ کیا کرتا ہے؟


ہیپاٹائیٹس سی وائرس جگر کے خلیوں میں داخل ہوتا ہے اور ان کے اندر اپنی تعداد بڑھاتا ہے۔ جسم جگر کے خلیوں میں موجود وائرس سے لڑتا ہے اور اس لڑائی سے جگر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بعض اوقا ت آپ کا جسم خود ہی وائرس سے لڑتے ہوۓ تمام وائرس کو پچھاڑ  دیتا ہے۔ ایسا جسم میں وائرس داخل ہونے کے چھ ماہ کے اندر ممکن ہو سکتا ہے۔

زیادہ تر لوگوں کے  جسم تمام وائرس کو نہیں پچھاڑ سکتے۔ کئی سالوں میں، جگر کو بہت نقصان پہنچ جاتا ہے اور اس پر بہت سے کھرونچے پڑ جاتے ہیں۔ اسے ’سروسس‘  (cirrhosis) کہتے ہیں اور یہ جگر کے کینسر اور جگر کے فعل کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔

کیا ہیپاٹائیٹس سی کا علاج کرنا یا اس سے شفایاب ہونا ممکن ہے؟


ہاں، آپ کا ڈاکٹر آپ کو ادویات دے سکتا ہے تاکہ ہیپاٹائیٹس سی سے شفا مل سکے۔

کیا مجھے کسی کو بتانے کی ضرورت ہے کہ مجھے ہیپاٹائیٹس سی ہے؟


قانون کے مطابق آپ کو ان لوگوں کو لازمی بتانا چاہیے:

  • اگر آپ کسی بلڈ بینک میں خون دیتے ہیں
  •  اگر آپ جسم کا کوئی عضو (مثلاً گردہ) یا جسم کی کوئی رطوبت (مثلاً نطفہ)دیتے ہیں۔
  • کچھ انشورنس کمپنیاں آپ سے پوچھ سکتی ہیں کہ آپ کو ہیپاٹائیٹس سی یا کوئی دوسری بیماری تو نہیں ہے۔ اگر آپ  نہیں بتائیں گے تو ممکن ہےکمپنی آ پ کو کلیم کےوقت ادائیگی نہ کرے۔
  • اگر آپ آسٹریلین ڈیفنس فورس  (ADF)میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو آپ کو انہیں بتانا ہوگا۔
  •  اگر آپ ایسے طبی کارکن ہیں جو ایسےطبی کام سرانجام دیتا ہے جن میں اپنے ہاتھوں کو نہیں دیکھا جا سکتا ( جیسا کہ سرجن یا ڈاکٹر)، تو آپ کو اپنے آجر یا نگران کو بتانا ہوگا اور سپیشلسٹ ڈاکٹر سے مشورہ لینا ہوگا۔

 

آپ کو انہیں بتانے کی ضرورت نہیں ہے:

  • باس کو
  • کام کے ساتھیوں یا ہم جماعتوں کو
  • خاندان کو
  • دوستوں کو

آپ کا ڈاکٹر آپ کے خاندان کو نہیں بتا سکتا۔

میں ہیپاٹائیٹس سی سے کیسے محفوظ رہ سکتا ہوں؟


  • منشیات لینے کے لیے سوئیوں ، سرنجوں، چمچوں کا مشترکہ استعمال نہ کریں
  •  ٹیٹو اور جلد چھیدنے والے سٹوڈیو کا احتیاط سے انتخاب کریں۔ لائسنس یافتہ ماہرین کا استعمال کریں۔ یہ یقینی بنائیں کہ وہ ہر گاہک کے لیے نئی سوئی اور سیاہی استعمال کرتے ہیں
  • اگر آپ کے ایک سے زیادہ جنسی ساتھی ہیں تو ہمیشہ کنڈوم کا استعمال کریں ، خاص طور پر اگر آپ مرد ہیں اور دوسرے مردوں کے ساتھ جنسی فعل کرتے ہیں۔
  •  ایسے ممالک میں خون اور خون کی پروڈکٹس لینے سے اجتناب کریں جو خون کے عطیوں کو ٹیسٹ نہیں کرتے
  •  ٹوتھ برشں اور ریزروں کا مشترکہ استعمال نہ کریں
  •  اگر آپ ایک صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکن ہیں ، تو ہمیشہ معیاری احتیاطی تدابیر  پر عمل پیرا ہوں

اگر ماضی میں آپ کو ہیپاٹائیٹس سی تھا اور آپ دوائی لے کر  شفایاب ہوگئے تھے تو پھر بھی ہیپاٹائیٹس سی آپ کو دوبارہ ہو سکتا ہے۔

مجھے کہاں سے مدد اور مشورہ مل سکتا ہے؟


آسٹریلیا میں ہیپاٹائیٹس سی کے بہت سے گروپ ہیں جو آپ کو مدد، مشورہ اور سہارا دے سکتے ہیں۔

مزید معلومات